ناگپور شہر کے مختلف علاقوں میں مہم “رجوع الی القرآن” کے خطاب عام
ناگپور۔ “یہ راز کسی کو نہیں معلوم کہ مومن، قاری نظر آتا ، حقیقت میں ہے قرآں” کے مطابق پیدائش سے لے کر موت تک زندگی کے تمام معاملات قرآن کے مطابق ہونے چاہئیں۔ قرآن میزان اور زندگی کی کسوٹی ہے۔ قرآن کی روشنی میں ہمیں اپنے باطن کا جائزہ لینا چاہیے۔ اپنی زندگی کے معاملات پر نظر ڈالنی چاہیے۔ حالات حاضرہ کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیں قرآن کی طرف رجوع کرنے کی اشدضرورت ہے۔ اللہ کو ہم سے قرآن سے ویسا ہی رشتہ مطلوب ہے جیسا کہ حضرت محمد
صلی
اللہ علیہ وسلم نے اپنی زندگی میں برت کر دکھایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانیت اور سماجی فلاح و بہبود کی مثالیں پیش کیں ۔ ان خیالات کا اظہار اورنگ آباد کے مفتی و قاضی عبدالقوی فلاحی نے ناگپور میں اوستھی چوک کے چوپڑا لان میں جماعت اسلامی ہند ناگپور ویسٹ کے زیر اہتمام منعقد ایک جلسہ میں فرماۓ ۔ مزید انھوں نے نوجوان نسل پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قرآن کو چھوڑ کر اس کے متضاد ماحول میں وقت صرف کر رہی ہے۔
مومن پورہ ، ناگپور کی جامع مسجد کے امام مفتی محمد عارف قاسمی اور کامٹی کے محمد شعیب قاسمی نے اپنے خیالات کا اظہار فرماتے ہوئے کہا کہ قرآن کے مطابق ہماری زندگی کا نمونہ حیات حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے علاوہ اور کوئی بھی نہیں ہونا چاہئے۔ آج کے نوجوان اپنا وقت موبائل اور مختلف بے مقصد سرگرمیوں میں ضائع کر دیے ہیں۔وہ راتوں میں جاگ کر اپنا وقت اور صحت دونوں برباد کر رہے ہیں۔
اس مہم کے دوران بچوں کی مختلف سرگرمیاں اور مقابلے منعقد کیے گئے تھے۔ ان خطاب عام میں حوصلہ افزائی کے لیے انہیں انعامات تقسیم کیے گئے۔ شکیل احمد نے حمد، مشتاق أحسن نے نعت اور شایان،عاطف،عفان خان نے “قرآن کی فریاد “پر نظم پیش کی۔ شعبہ اسلامی معاشرہ کے سکریٹری نے ہدیہ تشکر پیش کیا۔ غلام السیدین ربانی نے جلسہ کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔
حلقہ خواتین جماعت اسلامی ہند ناگپور سینٹرل اور جی۔ آی۔ او کے مشترکہ اہتمام سے فلاح آڈیٹوریم، مسلم گراؤنڈ میں ایک خطاب عام منعقد کیا گیا۔ حلقہ خواتین، جماعت اسلامی ہند، ناگپور کی ناظمہ شہر ڈاکٹر صبیحہ خان نے کہا کہ قرآن پوری انسانیت سے خطاب کرتا ہے۔مسلمانوں کو اپنی زندگی سدھارنے اور صحیح طریقے سے گزارنے کے لیے قرآن کے احکامات کو اپنانا ہوگا۔ جی۔ آی۔او اسوسی ایٹ صائمہ مصطفیٰ نے”ہمارا ہے محور اسی کی اقامت” عنوان پر نظم پیش کی۔ رضیہ سلطانہ نے”صحابیات اور قرآن”عنوان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ مقامی ناظمہ سنٹرل ناگپور زاہدہ انصاری نے افتتاحی کلمات میں مہم رجوع الی القرآن کے مقصد کو واضح کیا۔ شبنم پروین، مشتری بیگم، صفیہ انجم اور جی۔ آی۔ او کی یونٹ صدر اسماء انصاری کے تعاون سے یہ جلسہ کامیاب ہوا۔
مہم”رجوع الی القرآن”کے ضمن میں منعقد کیے گئے مختلف مقابلوں میں اول، دوم اور سوم مقام حاصل کرنے والے بچوں اور خواتین کو شہر کے مختلف مقامات پر منعقد کیے گئے خطابات میں انعامات تقسیم کیے گئے۔
ناگپور ساؤتھ میں مولانا سعد ندوی کی صدارت میں خطاب عام منعقد کیا گیا۔ مولانا انعام الحق اور مولانا انصار قاسمی کے علاوہ دیگر مہمانان خصوصی میں مفتی مولانا نور عالم نے قرآن کے پیغام پر روشنی ڈالی۔ اظہر خان نے قرآن کی روشنی میں اتحاد امت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شہر کے مختلف مقامات پر منعقد ہونے والے ان خطابات عام میں خواتین اور مرد حضرات کی کثیر تعداد شریک تھی ۔